سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج صبح کشمیر میراتھن کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں مختلف ممالک کے 2000 رنرز نے 42 کلو میٹر دوڑ میں حصہ لیا۔
میراتھن کو وزیر اعلیٰ نے صبح سویرے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں قومی، علاقائی اور 59 بین الاقوامی رنرز نے حصہ لیا۔ عمر عبداللہ نے میراتھن کے انعقاد پر محکمہ سیاحت اور سرینگر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ میراتھن کشمیر میں ہر سال منعقد کی جائے گی۔
عمر نے کہ کہا، "میں 21 کلومیٹر دوڑا کیونکہ مجھے شرکاء کے عزم سے حوصلہ ملا۔ میں عام طور پر روزانہ 12 کلومیٹر دوڑتا تھا، لیکن آج 21 کلومیٹر دوڑنا دوسرے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ممکن ہوا،" عمر نے کہا کہ وہ روزانہ سری نگر کے رائل اسپرنگس گولف کلب میں جوگنگ کرتے ہیں۔
میراتھن کا انعقاد جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ سیاحت نے کیا۔ شرکاء کو 42 کلو میٹر کی مکمل یا 21 کلومیٹر کی ہاف میراتھن میں سے ایک انتخاب کرنا ہوگا۔ سیاحت کے ڈائریکٹر راجہ یعقوب فاروق نے بتایا کہ میراتھن کے لیے 2000 شرکاء نے رجسٹریشن کروایا تھا جس میں 13 ممالک کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دوڑنے والے افراد شامل تھے۔