اننت ناگ:وادیٔ کشمیر میں مسلسل خشک سالی اور باراں نہ ہونے سے پیدا شدہ صورتحال کو انتہائی تشویش ناک مانا جارہا ہے،کیونکہ رواں موسم میں بارش اور برفباری کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم خشک سالی کی وجہ سے نہ صرف کاشتکاری سے وابستہ لوگوں میں فکر و تشویش پایا جارہا ہے، بلکہ موجودہ موسمی صورتحال سے صحت کے مسائل بھی پیدا ہوگئے ہیں اور اس سے سیاحتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
باراں نہ ہونے کے سبب ندی نالوں میں پانی کی بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔ ضلع اننت ناگ کا معروف "دریائے لدر" بھی خشک ہوگیا ہے۔اگرچہ موسم سرما کے دوران دریائے لدر کے بہاؤ میں کافی کمی ہوتی تھی،تاہم رواں برس نالہ لدر مکمل طور خشک نظر آرہا ہے اور اس طرح کے مناظر تاریخ میں پہلی بار دیکھنے کو مل رہا ہے،یہی حال اننت ناگ کے "دریائے برنگی" کا بھی ہے۔
موسم سرما میں دریائے لدر میں پانی کا بہاؤ کسی حد تک کم ہوتا تھا، تاہم بیشتر مقامات پر اسے عبور کرنا مشکل ہوتا تھا،لیکن رواں موسم میں دریائے لدر اس قدر خشک ہو گیا ہے جہاں دور دور تک پانی تلاش کرنا پڑتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہاں کے ندی نالوں اور قدرتی چشموں کا سیاحت سے گہری وابستگی ہے،کیونکہ ان کی موجودگی اور روانگی یہاں کی خوبصورتی کا اہم جزو ہے،جو سیاحوں کی دلچسپی کو بڑھاتے ہیں اور انہیں متوجہ کرتے ہیں۔موسم سرما میں بیشتر سیاح برف دیکھنے کی مراد لیکر یہاں آتے ہیں،لیکن رواں برس موسم خشک رہنے سے سیاحوں کی آمد میں کمی ہوئی ہے۔