سرینگر (جموں کشمیر) :بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) نے امرناتھ یاتریوں کے لیے ایک خصوصی سم کارڈ متعارف کیا ہے، چونکہ شری امرناتھ یاترا 2024 آج سے شروع ہوئی۔ سرکاری ٹیلی کام کمپنی نے ہمالیہ میں واقع پوتر امرناتھ گپھا کی جانب پہلگام اور بالتال جانے والے دونوں راستوں پر نیٹورک کا احاطہ کرتے ہوئے یاترا کے دوران ہموار رابطہ فراہم کرنے کی دعویٰ کیا ہے۔
بی ایس این ایل نے اعلان کیا ہے کہ یہ خصوصی سم کارڈ صرف رجسٹرڈ یاتریوں کو ہی فراہم کیے جائیں گے جس کے لیے ان سے کوئی بھی چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔ جاری کیے گئے بیان کے مطابق: ’’رجسٹرڈ یاتریوں کو (بی ایس این ایل کی جانب سے) مقرر کردہ مقامات، سبھی بی ایس این ایل کسٹمر کیئر سینٹرز، یاتری نواس بخشی نگر جموں کے علاوہ کشمیر کے دونوں بیس کیمپس - نونہ ون، پہلگام اور بال تل، سونہ مرگ - میں مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔‘‘
خصوصی سم کارڈز کی تفاصیل بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 10 روزہ میعاد والے یہ سم کارڈ محض 15 منٹ میں چالو کیے جا سکتے ہیں، سم کارڈ بالکل مفت ہیں تاہم یاتری 196 روپے پہلے ری چارج کوپن (FRC). کے بعد ہی اسے استعمال کر پائیں گے، اور یاتریوں کو سم کارڈ حاصل کرنے کے لیے یاترا سلپ اور آدھار کارڈ پیش کرنا لازمی ہے۔