سرینگر: جنوبی کشمیر کی اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرکے بی جے پی نے وادی کشمیر کی تین لوک سبھا سیٹوں میں سے پہلی سیٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔
بتادیں کہ اننت ناگ – راجوری لوک سیٹ کے لئے جمعہ کے روز کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی آخری تاریخ تھی اور بی جے پی کے کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کئے۔
بی جے پی کے جنرل سیکریٹری آرگینائزیشن اشوک کول نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ پارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اننت ناگ-راجوری سیٹ سے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا جائے گا۔ قیادت فیصلہ کرے گی کہ وہ کس امیدوار کی حمایت کرے گی۔
بی جے پی نے اس بار بارہمولہ اور سرینگر کی سیٹوں پر بھی کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرنے کا فیصلہ کیا،کیونکہ ان دونوں سیٹوں پر پارٹی کو مضبوط کیڈر موجود نہیں ہے۔لیکن اننت ناگ سیٹ پر امیدوار کھڑا نہ کرنے پر جموں وکشمیر پارٹی لیڈران کو حیران میں کر دیا۔بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے رہنماؤں نے دہلی کی قیادت کو امیدوار کھڑا کرنے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی، لیکن قیادت راضی نہیں ہوئی۔
اشوک کول نے کہا کہ "ہم کیا کہہ سکتے ہیں کہ قیادت نے حلقہ کیوں خالی چھوڑا۔"
اننت ناگ لوک سبھا سیٹ کے ریٹرنگ افسرسید فخر الدین کے مطابق اس نشست کے لئے کُل 25 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کئے جن کی جانچ پڑتال 20 اپریل یعنی ہفتے کو ہوگی۔اس سیٹ کے لئے 7 مئی کو پولنگ ہوگی اور اب پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف احمد اور جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے ظفر اقبال منہاس کے درمیان کانٹے کی ٹکر متوقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے حال ہی میں جموں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کشمیر کی تین سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم جنوبی کشمیر کا بی جے پی کیڈر پارٹی کے اس فیصلے سے خوش نہیں ہے۔