رام بن (جموں کشمیر) :وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت اور ادھمپور - کٹھوعہ پارلیمانی نشست کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ انتخابی مہم کے تحت ضلع رام بن پہنچے اور ایک ایلی سے خطاب کیا۔ رام بن میں بی جے پی کارکنان و لیڈران نے سنگھ کا والہانہ استقبال کیا۔ ڈاک بنگلوو رام بن میں منعقد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بی جے پی دور حکومت کے کارنامے لوگوں کو سنائے اور نریندر مودی کی ستائش کی۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے دعویٰ کیا: ’’سال 2014 میں جب مودی جی نے اقتدار سنبھالا تو پورا ملک مایوسی کے سائے میں ڈوبا ہوا تھا اور ایک عام شہری مایوسی کا شکار ہو چکا تھا، تاہم پچھلے دس برس کے دوران مودی جی کی قیادت میں ملک نے کافی ترقی کی ہے۔‘‘ انہوں نے مرکز میں مودی حکومت کی حصولیابی کا ذکر کرتے ہوئے مرد و خواتین سے گزراش کی کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں وہ بی جے پی کی حکومت کو لگاتار تیسری مرتبہ اقتدار میں لانے کیلئے انیس اپریل کو ہونے والی ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر بھارتیہ جنتا پارٹی کو ووٹ دے دینے کی اپیل کی اور مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو تیسری بار اقتدار میں لانے میں اپنا تعاون دینے کی اہمیت پر زور دیا۔