اننت ناگ (جموں کشمیر) :کھیل کود کے ڈھانچہ کو مستحکم کرنے کے بلند و بانگ دعوے زمینی سطح پر سراب ثابت ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ضلع اننت ناگ میں قصبہ بجبہاڑہ کے نوشہرہ اسٹیڈیم اس کی ایک زندہ مثال ہے۔ قصبہ بجبہاڑہ کے کئی کھلاڑیوں نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنے کھیل کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ جن میں انٹرنیشنل کھلاڑی پرویز رسول بھی شامل ہے۔
یہاں کے کئی نوجوان کرکٹ کی جانب راغب ہو رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے کرکٹ کھیلنے کے لیے یہاں کے کھلاڑیوں کے پاس معیاری اسپورٹس اسٹیڈیم مہیا نہیں کیا جا رہا۔ نوشہرہ علاقے میں کئی سال قبل ایک اسپورٹس اسٹیڈیم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کو تعمیر کرنے کے حوالے سے فنڈ بھی واگزار کئے گئے تھے تاہم مقامی نوجوانوں، کھلاڑیوں کا الزام ہے کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے فنڈز صحیح طریقے سے استعمال میں نہیں لائے گئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اب عید گاہ میں ہی کرکٹ کھیلنا پڑ رہا ہے۔