بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے سرحدی علاقہ اوڑی کے بالاکوٹ - ہتھلانگا علاقے میں تعمیر کی گئی رابطہ سڑک چند برسوں میں ہی خستہ ہو چکی ہے جس کے سبب مقامی باشندوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق محض تین برس قبل ہی میگڈمائز کیے گئے اس روڈ کی حالت اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ اس پر گاڑیوں کا گزرنا ناممکن ہو چکا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ چند برس قبل ہی رابطہ اوڑی میں بالاکوٹ - ہتھلانگا رابطہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے علاوہ اس کی کشادگی کو منظوری دی گئی تھی۔ لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر شروع ہونے کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی تاہم ان کے مطابق لوگوں کی خوشی محض چند ماہ تک ہی برقرار رہی۔ لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے قواعد و ضوابط کو بلائے تاک رکھتے ہوئے سڑک کی تعمیر کی۔ قانون کے مطابق سڑک کو کشادہ بھی نہیں کیا گیا جبکہ سڑک کے گرد دیوار بندی بھی انجام دنہیں دی گئی جس کے باعث چند ماہ میں ہی سڑک پھر سے خستہ ہو چکی ہے۔‘‘