رام بن:جموں کشمیر کے پہاڑی ضلع رام بن میں گھریلو خادمہ کی شکایت پر ایک سرکاری ملازم کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رام بن پولیس نے عصمت دری کا معاملہ درج کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے ملزم کی شناخت یاور امین کے طور پر ظاہر کی ہے جو محکمہ تعمیرات عامہ میں ملازم ہے اور اس وقت سماگرا شکشا رام بن میں اسسٹنٹ انجینئر کے طور پر کام انجام دے رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس میں شکایت درج کیے جانے کے بعد ملزم فرار ہے جب کہ پولیس ملزم کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔
رام بن پولیس نے بتایا کہ متاثرہ جس کی عمر اٹھارہ سال ہے، نے بانہال پولیس اسٹیشن میں عصمت دری کی شکایت درج کی جس میں متاثرہ نے الزام عائد کیا کہ ملزم (یاور) کی بیوی گھر پر نہیں تھی اور کچھ روز قبل جموں گئی تھی اور گھر میں ملزم اور متاثرہ (جو اس کے گھر میں بطور خادمہ کام کر رہی تھی) کے علاوہ کوئی نہیں تھا۔ متاثرہ نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا کہ ملزم نے اسے کوئی دوائی دی جس کے بعد اس نے اس کی عصمت دری کی۔