ترال (جموں و کشمیر): الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جموں کشمیر میں تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے اعلان پر سیاسی جماعتوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے، جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے اس بڑے اعلان پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
جمعہ کی سہ پہر الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں انتخابات منعقد کیے جانے کا اعلان کیا۔ عوامی حلقوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ دیر آید درست آید کے مصداق ایک اہم فیصلہ ہے جس کا عوام کو لمبے وقت سے انتظار تھا کیونکہ دو ہزار چودہ کے بعد یہاں ووٹنگ نہیں ہوئی اور لوگ ایک عوامی حکومت کا مطالبہ کررہے تھے۔