ریاسی:پولیس اسٹیشن کٹرا میں ایک نوجوان کی مبینہ طور زیر حراست ہوئی موت کے ایک روز بعد ایس ایس پی ریاسی نے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو منسلک (اٹیچ) کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ایس ایس پی کی جانب سے یہ احکامات متوفی کے اہل خانہ سمیت مقامی باشندوں کی جانب سے کیے گئے احتجاج اور معاملے کی تحقیقات کے مطالبے کے بعد صادر کیا گیا۔
کٹرا میں پولیس حراست کے دوران نوجوان کی موت، ایس ایچ او اٹیچ (ETV Bharat) ایس ایس پی ریاسی موہتا شرما کی جانب سے جاری کیے گئے ایک حکمنامے کے مطابق انسپکٹر نشنت گپتا کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ریاسی میں منسلک کیا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں پی ایس کٹرا کے پی ایس آئی رجت ساہنی اگلے احکامات تک کٹرا پولیس اسٹیشن کے انچارج کے طور پر کام کریں گے۔ یاد رہے کہ 25 سالہ انمول ڈوگرا ولد پوران چند ساکنہ میتیال، کٹرا بدھ کے روز پولیس اسٹیشن کٹرا میں پولیس کی زیر حراست دم توڑ گیا تھا۔ چوری کے ایک مبینہ معاملے میں اسے دو دیگر افراد کے ساتھ منگل کی شام حراست میں لیا گیا تھا اور اگلے دن صبح وہ لاک اپ میں مردہ پایا گیا۔
متوفی کے اہل خانہ کی جانب سے اس ضمن میں سخت احتجاج درج کیا گیا اور اور پولیس پر عوام کے ساتھ ظلم کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے۔ احتجاج میں شامل لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’یہ پولیس کی زیر حراست پہلی ہلاکت نہیں بلکہ اس سے قبل بھی کئی بار پولیس عتاب سے لوگ فوت ہوئے ہیں۔‘‘ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’پولیس حراست کے دوران ہلاکت ایک سنگین معاملہ ہے تاہم حکام خاموش تماشائی بیٹھے ہوئے ہیں، ابھی تک اس ضمن میں کسی بھی افسر کو معطل نہیں کیا گیا ہے۔‘‘
ادھر، ضلع انتظامیہ نے معاملے کی سنگیگی کو دیکھتے ہوئے پولیس حراست میں ہوئی نوجوان موت کی تحقیقات کے لیے مجسٹرئیل انکوائری کا حکم دے دیاہے۔ متوفی کے اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے معاملے کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی سخت احتجاج کیا۔ متوفی کے رشتہ دار، اعزہ و اقارب کی بڑی تعداد کٹرا مین روڈ پر جمع ہوئی اور انصاف اور جواب دہی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پونچھ ہلاکتیں:انتظامیہ نے لواحقین کو معاوضہ اور نوکریاں دینے کا اعلان کیا