بارہمولہ:اعزاز احمد شیخ کو روحانی علاج کی آڑ میں متعدد نابالغوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید اور 45 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ سزا چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بارہمولہ میر وجاہت کی طرف سے سنائی گئی۔اس سے قبل اس معاملے کی طویل سماعت ہوئی تھی۔
ایڈووکیٹ عائشہ ظہیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سزا کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے ملزم کو اس کے گھناؤنے جرائم پر 45 ہزار روپے جرمانہ اور 14 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
2 مارچ 2016 کو ایف آئی آر نمبر 22/2016 کے تحت درج مقدمہ کو ایک متاثرہ کے والد نے عدالت میں لایا تھا۔ ایڈووکیٹ مرزا زاہد خلیل کی سربراہی میں استغاثہ نے دلیل دی کہ ملزم نے اپنے مذہبی اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے کمزور بچوں کے ساتھ زیادتی کی، جس سے شدید جذباتی اور نفسیاتی نقصان ہوا۔