اننت ناگ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بجبہاڈہ علاقے کے گالن کھرم علاقے کے رہائشی پانی کی قلت کے سبب سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ اگرچہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے پانی سے بھرا ایک ٹینکر ہر دس دن میں ایک مرتبہ یہاں روانہ کیا جاتا ہے لیکن یہ مقدار ان کی روزمرہ کی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔
لوگوں نے بتایا کہ مقامی خواتین کو پانی کے حصول کے لیے ہر روز تقریباً دس کلومیٹر کی مسافت طے کر کے چشمے سے پانی لانا پڑتا ہے۔ اور موسم کی خرابی خاص کر بارش اور برفباری میں اس سفر کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے ان کی زندگی میں مزید مشکلات آتی ہیں۔ اکثر اوقات، ان خواتین کو دشوار حالات میں پانی لانے پر مجبور ہونا پڑتا ہے، جس سے ان کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔