بانڈی پورہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں عام آدمی پارٹی (عآپ) یونٹ نے بدھ کے روز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ پارٹی کے ضلع انچارج ڈاکٹر غلام مصطفیٰ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’پارٹی کیڈر نے خود کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے علیحدہ کر لیا ہے اور تاہم پارٹی کے سبھی اراکین عوام الناس اور دیگر کارکنوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی پارٹی کا انتخاب کریں گے۔‘‘ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ نئی سیاسی جماعت وجود میں لائیں گے یا کسی جماعت میں ضم ہوں گے۔
غلام مصطفیٰ نے دعویٰ کیا کہ آنے والے دنوں میں کئی نوجوان سماجی کارکان ان کے ساتھ ہاتھ ملائیں گے اور بعد میں پارٹی کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں نوجوان لیڈروں کا ساتھ دیں۔ پریس کانفرنس کے دوران ہی ڈی ڈی سی ممبر، غلام محی الدین نے جموں و کشمیر اپنی پارٹی سے استعفیٰ دیکر ڈاکٹر غلام مصطفی کے کا ہاتھ تھاما۔ تاہم دونوں ڈی ڈی سی ممبران کسی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے یا نہیں، اس حوالے سے انہوں نے حتمی طور پر کچھ کہنے سے گریز کیا۔