اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقے میں مٹی کے تودے کی زد میں ایک کچا مکان ’’کوٹھہ‘‘ آنے کے سبب ایک 50سالہ خاتون دب کر ہلاک ہو گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے تکیہ ماگام، کوکرناگ علاقے میں تیز بارشوں کے باعث عبد الحمید ولد عبدالرحمٰن آہنگر نامی ایک شخص کا رہائشی مکان مٹی کے تودے کے نیچے دب گیا اور اس دوران کوٹھے میں ان کی اہلیہ سلیمہ بیگم دب کر شدید زخمی ہو گئیں۔
سلیمہ بیگم کو زخمی حالت میں سب ضلع ہسپتال کوکرناگ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ سکیں اور دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہو گئی۔ خاتون کی موت کی اطلاع ان کے آبائی علاقہ پہنچتے ہیں وہاں کہرام مچ گیا اور انہیں پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔