سرینگر : مرکزی جامع مسجد سرینگر میں حضور اکرم ﷺ کی مبارک زندگی اور تعلیمات کے تناظر میں سیرت طیبہ کے حوالے سے سوال و جواب کی صورت میں ایک مضمون نویسی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف درسگاہوں اور مکاتب کے تقریباً 400 طلبااور طالبات نے شرکت کی۔
اپنی نوعیت کی اس طرح کی تقریب کا اہتمام میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی ہدایت پر کیا گیا جس کا مقصد طلباء کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات عالیہ اور اسلامی اقدار اور روایات پر غور و فکر کی ترغیب دینا تھی۔ تاہم میرواعظ کو حکام نے اس خالص تعلیمی اور تربیتی تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی جو کہ موصوف مسلسل اپنے گھر میں نظر بند رکھے گئے ہیں تاہم میرواعظ نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم کے نور سے بھی آراستہ کریں۔