سرینگر:جموں و کشمیر کے گیارہ امیدواروں نے اس سال یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) سول سروس کے امتحانات UPSC 2023 کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ یو پی ایس سی امتحانات کے نتائج کا اعلان کمیشن نے منگل کو کیا تھا۔ یو پی ایس سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سال سول سروس کا امتحان 1016 امیدواروں نے پاس کیا ہے جس میں ریاست اتر پردیش کے آدتیہ سریواستو نے سلیکشن لسٹ میں ٹاپ کیا ہے۔
جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے چوبیس سالہ انمول راٹھور نے امتحان میں ساتویں آل انڈیا رینک (اے آئی آر) حاصل کی ہے۔ انمول نے جموں و کشمیر سول سروس امتحان (جے کے سی ایس ای) 2022 میں بھی ٹاپ کیا تھا اور اس وقت جموں کے ریونیو ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ انمول نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے اپنی تعلیم اپنے گھر سے ہی مکمل کی، سوائے کچھ ماک ٹیسٹوں اور یو پی ایس سی مینز ٹیسٹ سیریز کے، جس کے لیے انہوں نے دہلی میں شرکت کی تھی۔