نئی دہلی: ایران اور پاکستان نے اپنے مشترکہ بیان میں مسئلہ کشمیر کا تذکرہ کرکے خطے کے عوام کی مرضی کے مطابق پرامن طریقے سے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے 24 اپریل کو دورہ پاکستان کے اختتام کے بعد دونوں ممالک کی طرف سے مشترکہ پریس بیان جاری کیا گیا۔جس میں دونوں فریقوں نے مسئلہ کشمیر کو خطے کے لوگوں کی مرضی اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مذاکرات اور پرامن طریقوں سے حل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
مشترکہ پریس بیان کے مطابق، علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز کا باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
بھارت نے بار بار اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر ملک کے اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ حصے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، جبکہ کسی دوسرے ملک خاص طور پر پاکستان سے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔