یروشلم:اسرائیلی ذرائع کے مطابق حزب اللہ نے شمالی اور وسطی اسرائیل پر تقریباً 120 راکٹ داغے، جس میں کئی زخمی ہوئے اور نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز کہا کہ لبنان سے 15 منٹ کے اندر اندر داغے گئے 50 راکٹ شمالی اسرائیل کے بالائی گلیلی میں متعدد مقامات پر گرے، ان میں سے کچھ کو روک لیا گیا مگر متعدد راکٹ نے نقصان پہنچایا۔
دریں اثنا اسرائیل کے سرکاری ٹی وی نے خبر دی کہ ان میں سے کچھ راکٹ Avivim میں گرے، جو بالائی گلیلی میں ایک فوجی چوکی سے متصل ایک کمیونٹی ہے جسے حزب اللہ نے بارہا نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ بدھ کو حزب اللہ کے راکٹوں حملوں میں ایک فوجی سمیت دو لوگ مارے گئے جب کہ متعدد لوگ شدید زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسی کے ساتھ مقامی حکام نے تصدیق کی کہ تقریباً 10 عمارتیں تباہ ہوگئیں اور کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔
ایک اور حملے میں لبنان سے وسطی اسرائیل کی طرف ایک پروجیکٹائل فائر کیا گیا، جس سے گش دان کے علاقے میں سائرن بجنے لگے، جہاں بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور درجنوں شہر اور کمیونٹیز واقع ہیں۔ رہائشیوں نے دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ فوج نے کہا کہ "وسطی اسرائیل کے متعدد علاقوں میں بجنے والے سائرن کے بعد لبنان کی طرف سے ایک میزائل کو روکا گیا۔