شکاگو:شکاگو کی سٹی کونسل نے بدھ کے روز ایک قرارداد منظور کی ہے۔ قرارداد میں غزہ میں جاری اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد کے لیے ہوئی ووٹنگ میں میئر برینڈن جانسن نے ٹائی بریکنگ ووٹ کاسٹ کیا۔ قرارداد کی منظوری کے بعد کونسل میں فلسطین حامی مظاہرین نے خوشی کا اظہار کیا۔
شکاگو امریکہ کا تیسرا سب سے بڑا شہر ہے۔ یہاں غزہ جنگ کے آغاز سے ہی اسرائیلی جارحیت کی مخالفت میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ سٹی کونسل پر مظاہرین کی جانب سے جنگ بندی کی حمایت میں قرارداد پیش کرنے کا دباو تھا۔ کئی میٹنگوں اور مظاہروں کے بعد یہ قرارداد کونسل میں پیش کی گئی۔ قرارداد کو 23-24 سے منظور کیا گیا۔ قرارداد میں انسانی امداد اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ چیمبرز کے حامیوں میں ریورنڈ جیسی جیکسن بھی شامل تھے۔
شکاگو حالیہ مہینوں میں اٹلانٹا، ڈیٹرائٹ اور سان فرانسسکو کے بعد، ایسی غیر پابند قرارداد کو منظور کرنے والا تازہ امریکی شہر ہے۔