ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہد کپور آج 43 برس کے ہو گئے۔ بالی ووڈ میں شاہد کپور ایک ایسے اداکار کے طور شمار کیے جاتے ہیں، جنہوں نے اپنی رومانوی شبیہ کے ذریعہ ناظرین کے درمیان ایک منفرد شناخت بنائی۔
دہلی میں 25 فروری 1981 کو پیدا ہوئے شاہد کپور کو اداکاری وراثت میں ملی ہے۔ ان کے والد پنکج کپور مشہور اداکار ہیں۔ شاہد کپور نے اپنے کیرئیر کا آغاز اشتہاری فلموں سے کیا۔ بطور اداکار کیرئیر کا آغاز 2003 میں آئی فلم ’عشق وشق‘ سے کیا، یہ فلم کامیاب رہی اور انہیں فلم فیئر کے ڈیبو اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فلم عشق وشق کے بعد شاہد کپور نے ’فدا، دل مانگے مور، دیوانے ہوئے پاگل، واہ لائف ہو تو ایسی، شکھر، 36 چائنا ٹاؤن، چپ چپ کے‘ جیسی چند فلموں میں کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں فلاپ رہیں۔ 2006 میں انہیں سورج بڑجاتیہ کی فلم ’وواہ‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ شاہد نے اس فلم میں اپنی سنجیدہ اداکاری سے شائقین کے دل جیت لئے۔ یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی اور اسی کے ساتھ شاہد فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت قائم کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
سال 2007 کی فلم جب وی میٹ شاہدکپور کے کیرئر کی کامیاب فلم ثابت ہوئی۔ امتیاز علی کی ہدایت میں بنی فلم میں شاہد کپور اور قرینہ کپور کی جوڑی کو مداحوں نے بے انتہا پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کے لئے شاہد کپور کو بہترین اداکار کے لئے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔ 2009 میں فلم کمینے شاہد کپور کی ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں شاہد کپور نے ڈبل رول ادا کیا۔ اس فلم کے لئے بھی شاہد کپور کا نام فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔