نئی دہلی: دہلی پولیس نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے ایک مشہور فلمی اداکارہ کا ڈیپ فیک ویڈیو بنانے سے متعلق معاملے میں مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ایمانی نوین (23) کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک شکایت کی بنیاد پر مکمل چھان بین کے بعد اسے آج گنٹور، آندھرا پردیش سے گرفتار کیا گیا۔
دہلی پولیس کے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز (آئی ایف ایس او ) یونٹ نے ملزم سے ایک لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون ضبط کیے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے دعویٰ کیا کہ وہ اداکارہ کا بڑا پرستار ہے اور سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز کو بڑھانے کے لیے غیر قانونی حرکتوں کا سہارا لیا۔
پولیس نے اداکارہ کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ یہ معاملہ اداکارہ رشمیکا مندانا سے متعلق ہے جن کی ڈیپ فیک ویڈیو گزشتہ سال اکتوبر میں وائرل ہوئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (آئی ایف ایس او) ہیمنت تیواری نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "فالورز بڑھانے کے لیے، ملزم نے اداکارہ کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو بنائی اور اسے 13 اکتوبر 2023 کو فین پیج پر پوسٹ کیا۔"