ممبئی:باندرہ پولیس نے جمعہ کو کہا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام سے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ سے ٹیکسی بک کروانے پر ایک 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت غازی آباد، اتر پردیش کے رہنے والے 20 سالہ نوجوان روہت تیاگی کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ملزم نے لارنس بشنوئی کے نام پر اداکار سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ سے باندرہ پولیس اسٹیشن تک کیب بک کرائی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 'جب کیب ڈرائیور سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ پہنچا اور وہاں موجود چوکیدار سے بکنگ کے بارے میں پوچھا تو چوکیدار پہلے تو دنگ رہ گیا، لیکن اس نے فوری طور پر قریبی باندرہ پولیس اسٹیشن کو بکنگ کی اطلاع دی۔' اس پر کارروائی کرتے ہوئے ممبئی کی باندرا پولیس نے کیب ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی اور آن لائن کیب بک کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
پولیس نے کہا جس شخص نے کیب بک کی تھی وہ غازی آباد کا رہنے والا 20 سالہ طالب علم نکلا جس کی شناخت روہت تیاگی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مذاق کے طور پر گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر ٹیکسی بک کروائی تھی۔