نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے سپرٹیک کے چیئرمین اور پروموٹر آر کے اروڑہ کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت میں 90 دن کی توسیع کی مانگ کو مسترد کر دیا ہے۔ غور طلب ہے کہ اروڑہ پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج دیویندر کمار جانگلا نے اروڑہ کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے جیل حکام سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنے ڈاکٹروں کے ذریعہ تجویز کردہ ضروری طبی علاج حاصل کریں۔
عدالت نے اروڑہ کو 13 مئی کی شام 5 بجے تک جیل حکام کے سامنے خودسپردگی کرنے کا حکم دیا ہے۔ جج نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ دیکھنے کے بعد اروڑہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ اروڑہ کو اس سال 16 جنوری سے پہلے ہی عبوری ضمانت مل چکی ہے۔ ان کا طبی معائنہ مکمل ہو چکا ہے۔