نئی دہلی: کسان رہنما سرون سنگھ پنڈھر نے مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے سے روک رہی ہے اور کسانوں کو بدھ کو دہلی چلو مارچ کی اجازت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ "حکومت کا ارادہ بالکل واضح تھا کہ وہ ہمیں کسی بھی قیمت پر دہلی میں داخل نہیں ہونے دیں گے... اگر آپ کسانوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کوئی حل نہیں نکالنا چاہتے ہیں تو ہمیں دہلی کی طرف مارچ کرنے کی اجازت دی جائے''۔
پنڈھر نے مزید کہا کہ ہم دہلی کی طرف بڑھے، گولہ باری ہوئی...ٹریکٹروں کے ٹائروں پر بھی گولیوں کا استعمال کیا گیا...ڈی جی پی ہریانہ نے کہا ہے کہ وہ کسانوں پر آنسو گیس کا استعمال نہیں کر رہے ہیں...ہم اس کا استعمال کرنے والوں کے لیے سزا کا مطالبہ کرتے ہیں، غلط بیانات بھی دیئے جا رہے ہیں، ہریانہ کے حالات کشمیر جیسے ہیں، اب جو بھی ہوجائے ہم 21 فروری کو دہلی کی طرف مارچ کریں گے، حکومت نے ہمیں ایک تجویز دی ہے تاکہ ہم اپنے اصل مطالبات سے پیچھے ہٹ جائیں، اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی"۔
واضح رہے کہ مرکز کی جانب سے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر فصلوں کی خریداری کی تجویز لانے کے بعد، کسانوں نے پیر کی شام یہ کہتے ہوئے اس تجویز کو مسترد کر دیا کہ اس میں ان کے لیے کچھ نہیں ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کسان رہنما جگجیت سنگھ دلیوال نے کہا کہ بحث کے بعد فورمز نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔