نئی دہلی: ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کی اجازت نہ ملنے پر لداخ بھون میں بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ دہلی پولیس نے سونم وانگچک کو جنتر منتر پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی سونم وانگچک نے دہلی پولیس کے خط کی کاپی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
سونم وانگچک نے کہا کہ "جب ہم نے 2 اکتوبر کو راج گھاٹ پر اپنی بھوک ہڑتال ختم کی، ہمیں یقین دہانی کرائی گئی کہ ہمیں وزارت داخلہ سے ملک کے سینئر لیڈروں سے ملنے کا وقت ملے گا۔ ہمیں کہا گیا کہ ہمیں صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقات کا وقت دیا جائے گا۔ تاہم، بھوک ہڑتال ختم کرنے کے بعد ایسا نہیں کیا گیا۔"
احتجاج کی اجازت نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار:
سونم وانگچک نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "ایک اور مایوسی، بالآخر آج صبح ہمیں احتجاج کے لیے سرکاری طور پر نامزد جگہ کے لیے یہ مسترد خط ملا۔ اگر جنتر منتر پر اجازت نہیں ہے تو براہ کرم ہمیں بتائیں کہ ہمیں کس جگہ پر احتجاج کی اجازت مل سکتی ہے۔ ہم تمام قواعد و ضوابط پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے باوجود ہمیں پرامن طریقے سے اپنی شکایات کا اظہار کرنے کی کوئی جگہ نہیں دی جارہی ہے۔ ہمارے اپنے ملک میں گاندھی کے راستے پر چلنا اتنا مشکل ہو گیا ہے۔"