حیدرآباد: رمضان کا مہینہ شروع ہو چکا ہے۔ یہ وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں قرآن پاک اتارا گیا ہے۔ جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے اور اس میں لوگوں کے لیے رہنمائی کرنے والی اور حق و باطل میں امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں۔ اسلام میں رمضان کے مہینہ کی فضیلت و اہمیت سے متعلق بہت سی قرآنی آیات اور احادیث بھی ہیں۔ بھارت میں بھی کل چاند دیکھا گیا اور منگل کے روز پہلا روزہ رکھا گیا۔ چاروں طرف نور کی چادر سی بچھ گئی۔
چاند دیکھتے ہی لوگوں کے اندر ایک روحانیت پیدا ہو گئی۔ ایک دوسرے کو رمضان کی مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اور پھر عشاء اور تراویح کے لیے لوگوں نے مساجد کا رخ کیا۔ ای ٹی وی بھارت میں رمضان کے موقع پر ایک پروگرام "رونقِ رمضان" ترتیب دیا گیا جس میں شہر حیدرآباد کے مشہور عالمِ دین حافظ و قاری مفتی سید صادق محی الدین صاحب نے "رمضان کا پہلا عشرہ" کے حوالہ سے بیان فرمایا۔