دہلی:عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ آج راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ کے طور پر حلف نہیں لے سکے۔ دراصل راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے سنجے سنگھ کو بطور رکن پارلیمنٹ حلف لینے کی اجازت دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ ان کا معاملہ فی الحال استحقاق کمیٹی کے پاس ہے۔
اس معاملے پر آئین اور پارلیمانی طریقہ کار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ عدالت نے سنجے سنگھ کی راجیہ سبھا کی کارروائی میں حصہ لینے کی اجازت کی درخواست پر اپنا فیصلہ نہیں دیا ہے، اس لیے سنجے سنگھ ایوان میں نہیں جا سکتے۔ اب ایسا لگتا ہے کہ کنڈکٹ کمیٹی کی سفارش کے بعد ہی ان کی تقریب حلف برداری کا راستہ صاف ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ سنجے سنگھ نے راجیہ سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف لینے اور موجودہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے مبینہ گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کے لیے دہلی کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔