نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے پیر کو عید میلاد النبی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مرمو نے کہا کہ پیغمبر اسلام نے مساوات پر مبنی انسانی معاشرے کی مثال پیش کی۔
صدر مرمو نے عید میلاد النبی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پیغمبر اسلام نے مساوات پر مبنی انسانی معاشرے کا آئیڈیل پیش کیا ہے۔ صبر کے ساتھ حق کی راہ پر چلنے کا درس بھی دیا ہے۔ اس موقع پر ہم سب ان کے تعلیمات کو اپنانے کا عزم کریں اور ملک کی ترقی کے لیے مسلسل کام کریں۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے لکھا کہ عید میلاد نبی سبھی کو مبارک! میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ہم آہنگی اور اتحاد ہمیشہ قائم رہے۔ چاروں طرف خوشیاں اور خوشحالی ہو۔
مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بھی اس موقع پر لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سبھی کو عید میلاد النبی کی مبارکبار و نیک خواہشات! دعا ہے کہ یہ دن خوشی، محبت اور اتحاد کے نئے جذبات سے بھرا ہو۔