جموں:پارلیمانی انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جموں میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان خاندانی جماعتوں نے جموں کشمیر کا ستر70 برس سے استحصال کیا، لیکن گزشتہ برسوں سے یہاں تعمیر و ترقی ہو رہی ہے اور عام انسان اس کا فائدہ لے رہا ہے۔‘‘
مودی نے کہا کہ خاندانی سیاست کا خمیازہ یہاں کی نوجوان نسل اور خواتین کو بھگتنا پڑا لیکن خاندانی سیاست سے چھٹکارا ملنے کے بعد یہاں کے نوجوان اور خواتین تعمیر و ترقی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ’’وکست بھارت‘‘ کا حصہ بن رہے ہیں۔ یاد رہے کہ مودی سنہ 2014 سے اب تک چھٹی مرتبہ جموں کشمیر کے دورے پر آئے اور لگاتار نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کی خاندانی سیاست پر حملہ کرتے آئے ہیں۔
جموں میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا ’’جموں کشمیر میں وہ دن بھی تھے جب جموں کشمیر سے بم، بندوق، ہلاکتوں اور علیحدگی پسندی کی خبریں آتی تھی، لیکن آج جموں کشمیر وکست بھارت سنکلپ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا جموں کشمیر میں سنہ 2014 کے بعد تعلیمی و طبی اداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ریل لائن اور شاہراہوں کی تعمیر سے یہاں کی عوام کو راحت ملی ہے اور لوگ اب تعمیری سیاست دیکھ رہے ہیں۔