ممبئی:ملک کے عظیم صنعت کار رتن ٹاٹا اس دنیا میں نہیں رہے۔ پدم بھوشن اور پدم وبھوشن سے نوازے گئے رتن ٹاٹا کا کل رات ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی بڑے لیڈروں نے ان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔
سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات
مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے جمعرات کی رات اعلان کیا کہ صنعتکار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ سی ایم شندے نے کہا کہ ٹاٹا کا جسد خاکی عوامی دیدار کے لیے جمعرات کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک این سی پی اے میں رکھا جائے گا۔
صنعتکار رتن ٹاٹا کا جسد خاکی کو جمعرات کی صبح کولابا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا۔ رتن ٹاٹا کی موت کے بعد مہاراشٹر حکومت نے جمعرات کو ممبئی میں ہونے والے تمام پروگرام منسوخ کر دیے۔ مہاراشٹر کے وزیر دیپک کیسرکر نے ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار رتن ٹاٹا کے انتقال کی وجہ سے جمعرات کو ممبئی میں ریاستی حکومت کے تمام پروگرام منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
پی ایم مودی کا اظہار افسوس
ٹاٹا سنز کے اعزازی چیئرمین رتن ٹاٹا کا بدھ کی شام ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شری رتن ٹاٹا جی ایک صاحب بصیرت کاروباری لیڈر، ایک ہمدرد اور غیر معمولی انسان تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے سب سے پرانے اور سب سے معزز کاروباری گھرانوں میں سے ایک کو مستحکم قیادت فراہم کی۔ انہوں نے اپنی عاجزی، مہربانی اور ہمارے معاشرے کو بہتر بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کی بدولت خود کو لوگوں کے شکریے کا حقدار بنایا۔
راہل گاندھی کی تعزیت
وہیں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے رتن ٹاٹا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں انہیں ایک صاحب بصیرت شخص قرار دیا۔ راہل گاندھی نے لکھا کہ ''انہوں (رتن ٹاٹا) نے کاروبار اور انسان دوستی دونوں پر ایک مستقل نشان چھوڑا ہے۔ ان کے خاندان اور ٹاٹا برادری سے میری تعزیت۔''
امت شاہ کا تعزیتی پیغام
قبل ازیں مرکزی وزراء امت شاہ، جے پی نڈا، نتن گڈکری اور پیوش گوئل نے بھی رتن ٹاٹا کے انتقال پر غم کا افسوس کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں، امیت شاہ نے کہا کہ وہ عظیم صنعت کار اور سچے قوم پرست، شری رتن ٹاٹا جی کے انتقال سے بہت افسردہ ہیں۔
ایکناتھ شندے کا رد عمل
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ شندے نے ایکس پر اپنی تعزیت میں لکھا کہ 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد ان کی طرف سے دکھائے گئے عزم کو ہر کوئی ہمیشہ یاد رکھے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے مضبوط فیصلے، جرات مندانہ رویہ اور سماجی وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آنجہانی رتن جی ٹاٹا کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ رتن ٹاٹا کا انتقال ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ فڑنویس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ رتن ٹاٹا نہ صرف ایک بہت کامیاب صنعت کار تھے بلکہ انہوں نے ملک اور سماج کے لئے جس طرح سے کام کیا اس کی وجہ سے وہ ایک عظیم شخصیت بھی تھے۔ انہوں نے نہ صرف کامیاب صنعتیں قائم کیں بلکہ ایک ٹرسٹ، ایک برانڈ بھی قائم کیا، جس نے ہمارے ملک کو عالمی امیج دیا۔ ایک بہت بڑے دل والے شخص کا آج ہمارے بیچ سے چلے جانا ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ 86 سالہ صنعتکار رتن ٹاٹا کو اس ہفتے کے شروع میں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں عمر کی خرابی کی وجہ سے داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں معمول کے میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں اسپتال کے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف صنعتکار رتن ٹاٹا کا 86 برس کی عمر میں انتقال