ممبئی: شیوسینا نے منگل کی رات دیر گئے 20 نومبر کو مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات کے لیے 45 امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کی، جس میں تھانے شہر کے کوپری پنچپاکھڑی سے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نصف درجن سے زیادہ کابینہ کے اراکین کو ان کی متعلقہ نشستوں سے نامزد کیا گیا۔
حکمراں پارٹی نے تقریباً ان تمام ایم ایل ایز کو دوبارہ ٹکٹ دیا ہے جنہوں نے جون 2022 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے خلاف بغاوت کی قیادت کرتے ہوئے شندے کی حمایت کی تھی۔ شندے تھانے شہر متصل کوپر -پنچپاکھڑی حلقے سے دوبارہ الیکشن لڑیں گے۔ پارٹی نے گلاب راؤ پاٹل، دیپک کیسرکر، عبدالستار اور شمبوراج دیسائی کو بالترتیب جلگاؤں دیہی، ساونت واڑی، سلوڑ اور پٹن سے میدان میں اتارا ہے۔
کابینہ کے ایک اور رکن دادا بھوسے ناسک ضلع کے مالیگاؤں بیرونی اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑیں گے۔ وزیر ادے سمنت اور تانا جی ساونت کو بالترتیب رتناگیری اور پرانڈا سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ ایک اور سرکردہ لیڈر سدا سرونکر ممبئی کے ماہم سے الیکشن لڑیں گے۔
پارٹی نے کئی ایم ایل اے کے رشتہ داروں کو بھی میدان میں اتارا ہے۔ راجہ پور سے ریاستی وزیر ادے سامنت کے بھائی کرن سامنت کو ٹکٹ دیا ہے۔ آنجہانی رکن اسمبلی انل بابر کے بیٹے سوہاس بابر سانگلی ضلع کے خانپور سے الیکشن لڑیں گے۔