جے پور: راجستھان ہائی کورٹ نے ادے پور کے کنہیا لال ٹیلر قتل کیس کے ملزم جاوید کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس پنکج بھنڈاری اور جسٹس پراویر بھٹناگر کی ڈویژن بنچ نے ملزم کی ضمانت کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے یہ حکم دیا۔
عرضی میں کہا گیا تھا کہ این آئی اے نے بغیر ٹھوس ثبوت کے صرف کال کی تفصیلات کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا ہے، جب کہ موبائل لوکیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ وہ کافی عرصے سے جیل میں ہیں۔ ایسے میں اسے ضمانت پر رہا کیا جانا چاہیے۔ اس کی مخالفت کرتے ہوئے سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم قتل کیس میں ملوث رہا ہے۔ اسی نے مرکزی ملزم کو کنہیا لالکی دکان میں موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ ایسی صورت میں اسے ضمانت پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔