نئی دہلی: ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سابق ایم پی مہوا موئترا نے جمعہ کو اپنا سرکاری بنگلہ خالی کردیا۔ ان کے وکیل نے یہ جانکاری دی۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ نے سرکاری بنگلہ خالی کرنے کے لیے صبح ایک ٹیم بھیجی تھی۔ اس کے اردگرد کے علاقے میں بیریکیڈ لگائے گئے تھے۔ موئترا کے وکیل شادان فراست نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مہوا موئترا کا ٹیلی گراف لین پر واقع بنگلہ 9بی آج صبح 10 بجے حکام کے پہنچنے سے پہلے خالی کر دیا گیا تھا۔ فراست نے کہا کہ بے دخلی کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
موئترا کے وکیل شادان فراست نے کہا کہ مکان کا قبضہ اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں، اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ نے موئترا کو بنگلہ خالی کرنے کا نوٹس بھیجا تھا۔ موئترا کو گزشتہ ماہ لوک سبھا سے معطل کر دیا گیا تھا۔ موئترا کو اس معاملے میں جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ سے کوئی راحت نہیں ملی تھی۔ ہائی کورٹ نے اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ کے نوٹس پر روک لگانے سے انکار کردیا اور انہیں سرکاری بنگلہ خالی کرنے کو کہا۔ جسٹس گریش کٹھپالیا نے کہا تھا کہ عدالت کے سامنے کسی خاص قاعدے کا ذکر نہیں کیا گیا ہے، جو رکنیت کی منسوخی پر سرکاری رہائش گاہوں سے ممبران پارلیمنٹ کو نکالنے سے متعلق ہو۔