نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے سابق وزیر اعلی اور بھارت راشٹرا سمیتی کے صدر کے چندر شیکھر راؤ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ غور طلب ہو کہ چندر شیکھر راؤ نے 5 اپریل کو سرسیلا ضلع میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس پارٹی کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ کمیشن نے اس سلسلے میں آج نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ اس نوٹس کا جواب 18 اپریل کی صبح 11 بجے تک دینا ہوگا۔
واضح رہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر نائب صدر جی نرنجن نے کے سی آر کے بیان پر اعتراض کیا تھا اور اس سلسلے میں کمیشن میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔ شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے نوٹس جاری کیا۔ شکایت کے جواب میں سرسیلا ضلع انتخابی افسر راجنا نے ایک رپورٹ دی، جس میں کہا گیا کہ سابق سی ایم کے سی آر نے پریس کانفرنس کے دوران کانگریس پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ شکایت میں کے سی آر کے بیانات کو ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔