نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے درمیان، پارٹی نے راج ببر کو گروگرام سے اور آنند شرما کو کانگڑا، ہماچل سے ٹکٹ دیا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی نے ہماچل کے ہمیر پور سے ستپال رائے اور مہاراشٹر میں ممبئی نارتھ سیٹ سے بھوشن پاٹل کو میدان میں اتارا ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے درمیان کانگریس نے ایک اور فہرست کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے ہریانہ کے گروگرام سیٹ سے راج ببر اور ہماچل کے کانگڑا سے آنند شرما کو ٹکٹ دیا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ہریانہ کی گروگرام سیٹ پر چھٹے مرحلے میں یعنی 25 مئی کو انتخابات ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہماچل کی کانگڑا اور ہمیر پور سیٹوں پر ساتویں مرحلے میں یعنی یکم جون کو ووٹنگ ہوگی۔ مہاراشٹر کی ممبئی شمالی سیٹ پر پانچویں مرحلے میں یعنی 20 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔
اس فہرست کے ساتھ امید کی جا رہی تھی کہ پارٹی یوپی کی امیٹھی اور رائے بریلی سیٹوں پر بھی امیدواروں کا اعلان کر سکتی ہے۔ لیکن اس فہرست میں صرف چار ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ امیٹھی اور رائے بریلی پر سسپنس جاری ہے۔ مقامی لیڈران مذکورہ سیٹوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور راہل اور پرینکا کو میدان میں اتارنے پر بات چیت جاری ہے۔
یہ بھیپڑھیں: یہ انتخاب جمہوریت اور آئین کو بچانے کا واحد موقع ہے: راہل
آپ کو بتاتے چلیں کہ گاندھی-نہرو خاندان کے لیے روایتی سمجھی جانے والی ان دو سیٹوں کے لیے نامزدگی داخل کرنے میں تین دن باقی ہیں۔ تاہم ابھی یہ بات چیت جاری ہے کہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو ان دونوں سیٹوں سے میدان میں اتارا جائے گا۔ منگل کو کانگریس کارکنوں نے امیٹھی میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور پارٹی سے مطالبہ کیا کہ گاندھی خاندان کے ایک فرد کو امیٹھی لوک سبھا حلقہ سے اپنا امیدوار بنایا جائے۔