نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سنیچر (10 فروری) کے روز کہا کہ دسمبر 2019 میں پارلیمنٹ کے ذریعہ منظور کردہ شہریت ترمیمی ایکٹ کو آئندہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے اس کی اطلاع دی جائے گی۔ شاہ نے یہ بات یہاں قومی دارالحکومت میں ایک ٹی وی پروگرام میں کہی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سنیچر (10 فروری) کے روز دعویٰ کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو 370 نشستیں حاصل ہوں گی اور اس کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو 400 سے زیادہ نشستیں ملیں گی اور لگاتار تیسری مرتبہ نریندر مودی کو وزیر اعظم منتخب کیا جائے گا۔
شاہ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج پر کوئی شک نہیں ہے اور یہاں تک کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ انہیں دوبارہ اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے گا۔ ہم نے آئین کی دفعہ 370 (جس نے سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دیا تھا) کو منسوخ کر دیا ہے، اس لیے ہمیں یقین ہے کہ ملک کے لوگ بی جے پی کو 370 سیٹیوں پر جیت دلا کر اور این ڈی اے کو 400 سے زیادہ سیٹیں جیتا کر اپنا آشیرواد دیں گے۔