نئی دہلی: حکومت کی جانب سے سی اے اے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر تنقید کرنا شروع کر دیا ہے۔ ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے شہریت قانون کے نوٹیفکیشن کے معاملے پر مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایکس پر لکھا کہ سی اے اے پر ہمارا اعتراض جوں کا توں ہے۔ سی اے اے تفرقہ انگیز ہے اور گوڈسے کے نظریے پر مبنی ہے جو مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنانا چاہتا تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کسی بھی مظلوم کو پناہ دیں لیکن شہریت مذہب یا قومیت کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ اس نے ان قوانین کو پانچ سال تک کیوں زیر التوا رکھا اور اب ان پر عمل درآمد کیوں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے کا مقصد صرف مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے، اس کا کوئی اور مقصد نہیں ہے۔ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف سڑکوں پر آنے والے بھارتیوں کے پاس اس کے خلاف دوبارہ احتجاج کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل آج شہریت ترمیمی قانون کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس کے بعد اپوزیشن رہنماوں نے کہا کہ حکومت نے جان بوجھ کر انتخابات سے قبل سی اے اے نوٹیفکیشن کو نافذ کیا ہے۔
کانگریس رہنما جئے رام رمیش نے کہا کہ مودی حکومت کو دسمبر 2019 میں پارلیمنٹ کے ذریعہ منظور کردہ شہریت ترمیمی قانون کے قواعد کو مطلع کرنے میں چار سال اور تین مہینے لگے۔ وزیر اعظم کا دعویٰ ہے کہ ان کی حکومت انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں اور بروقت کام کرتی ہے۔ سی اے اے کے قوانین کو مطلع کرنے میں اتنا وقت لگنا وزیر اعظم کے سفید جھوٹ کی ایک اور جھلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک پہلے وقت کا انتخاب جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔ یہ واضح طور پر انتخابات کو پولرائز کرنے کے لیے کیا گیا ہے، خاص طور پر آسام اور بنگال میں۔ یہ انتخابی بانڈ اسکیم پر سپریم کورٹ کی سخت سرزنش اور کریک ڈاؤن کے بعد سرخیوں کو سنبھالنے کی کوشش بھی دکھائی دیتی ہے۔