نئی دہلی:عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال ،ارکان پارلیمان اور ارکان اسمبلی سمیت پارٹی کارکنوں نے دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کرنے کی کوشش کی۔ حالانکہ پولیس نے بی جے پی ہیڈ کوارٹر کے آس پاس دفعہ 144 نافذ کر دی ہے اور عآپ کو احتجاج کی اجازت بھی نہیں دی۔ اس کے باوجود عآپ کے کئی لیڈر عآپ کے دفتر تک پہنچ گئے لیکن انھیں بی جے پی ہیڈکوارٹر تک نہیں بڑھنے دیا گیا۔ پولیس نے بیریکیڈ لگا کر عآپ کے مظاہرین کو روک دیا۔ عآپ لیڈروں کے مطابق بی جے پی اور پی ایم مودی کیجریوال حکومت سے خوفزدہ ہیں اور عآپ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
عآپ کارکنوں نے انسانی زنجیر بنا کر اروند کیجریوال کی حفاظت کی۔ اروند کیجریوال نے بھی پی ایم مودی پر عآپ کو ختم کرنے کی سازش کا الزام لگایا ہے۔
بی جے پی کا ہیڈکوارٹر عام آدمی پارٹی کے دفتر سے تھوڑے فاصلے پر ہے۔ ایسے میں عام آدمی پارٹی کے رہنما وزیر اعلیٰ کیجریوال کے ساتھ پیدل احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی ہیڈ کوارٹر تک پہنچنے کی کوشش کی۔ لیکن دہلی پولیس نے مختلف جگہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس فورس کے اہلکاروں کی بڑی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔