گرمیوں کا موسم انفیکشنز اور بیماریوں کا خطرہ بھی اپنے ساتھ لے کر آتا ہے، اس موسم میں لوگ جلد، نظام انہضام سے متعلق متعدد بیکٹیریل اور فنگل انفیکشنز کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ اسی سلسلے میں ای ٹی وی بھارت کی سکھی بھوا کی ٹیم نے اتراکھنڈ میں مقیم لائف کلینک کے کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر منوج کمار سنگھ سے بات چیت کی۔ جہاں انہوں نے بتایا کہ موسم گرما میں بیکٹیریا اور وائرس بہت فعال ہوجاتے ہیں اور صفائی کی کمی، غیرمناسب خوراک یا پانی کے استعمال کے ساتھ ساتھ لاپرواہی کی صورت میں یہ ہماری صحت کو متاثر کرتے ہیں۔ یہاں ہم نے گرمیوں میں ہونے والے عام انفیکشن کا ذکر کیا ہے۔ Common Summer Infections
پیٹ کا انفیکشن
ڈاکٹر منوج بتاتے ہیں کہ اس موسم میں پیٹ میں انفیکشن ہونا بہت عام ہے۔ چونکہ گرمیوں میں ہمارے جسم کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، اس لیے لوگ دھوپ کی سخت گرمی سے کچھ راحت حاصل کرنے کے لیے اکثر پھل کھاتے اور جوس پیتے ہیں، جو سڑک کے کنارے فروخت ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، کئی بار گھروں میں لوگ کھانے پینے کی اشیاء کو کھلا چھوڑ دیتے ہیں، جس سے وہ مکھیوں اور مچھروں کی زد میں آ جاتے ہیں۔ بعد میں جب کوئی یہ آلودہ کھانا کھاتا ہے تو اس میں موجود بیکٹیریا یا وائرس آنتوں تک پہنچ جاتے ہیں جس سے معدے میں انفیکشن کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ لہذا، پیٹ کے انفیکشن سے بچنے کے لیے ہمارے ماہر کی تجویز کردہ کچھ مشورے یہ ہیں:
- سڑک کے کنارے کھلے میں فروخت ہونے والے پھلوں اور جوس کے استعمال سے پرہیز کریں۔
- صرف صاف یا ابلا ہوا پانی پیئے۔
- صرف گرمیوں میں ہی نہیں بلکہ پورے سال صفائی اور حفظان صحت کے بارے میں زیادہ محتاط رہیں، خاص طور پر کھانا پکانے، کھانا کھانے اور کھانا کھانے کے بعد اپنے ہاتھوں کو دھوئیں۔ دن بھر میں اپنے ہاتھوں کی کثرت سے دھوتے رہیں۔
- گھر میں کھانے پینے کی تمام اشیاء کو اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں۔
- اپنی خوراک میں ایسی غذا شامل کریں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو اور تیل، مصالحہ دار اور نمکین غذاؤں کے استعمال سے پرہیز کریں اور ان غذاؤں سے بھی پرہیز کریں جنہیں ہضم کرنے میں مشکل ہو۔
- تاہم، اگر آپ کو پیٹ میں درد یا دیگر متعلقہ مسائل کا سامنا ہے، تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
فنگل انفیکشن
ڈاکٹر منوج بتاتے ہیں کہ گرمی کے موسم میں پسینے کے غدود ہمارے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے زیادہ فعال ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں بہت زیادہ پسینہ آتا ہے۔ اس صورت میں جسم کے اعضاء بشمول ہمارے ہاتھوں، پیروں، گھٹنوں، بغلوں، رانوں کے اندورنی جوڑ وغیرہ فنگل انفیکشن کا زیادہ شکار ہوتے ہیں، کیونکہ جسم کے ان اعضاء پر ہوا نہیں لگتا ہے۔اس لیے صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے جس کے لیے درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
- روزانہ نہائیں اور جسم کے مذکورہ بالا حصوں کو ہلکے صابن سے اچھی طرح صاف کریں۔
- نہانے کے بعد اپنے جسم کو صاف تولیہ یا سوتی کپڑے سے اچھی طرح خشک کریں۔
- جن لوگوں کو زیادہ جسمانی مشقت کی وجہ سے بہت زیادہ پسینہ آتا ہے یا جو لوگ آلودہ علاقوں میں رہتے ہیں انہیں گرمیوں میں دن میں دو بار نہانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
- اس کے علاوہ جن لوگوں کو بعض طبی وجوہات کی بنا پر زیادہ پسینہ آتا ہے وہ اپنے ڈاکٹر کے مشورے پر اینٹی فنگل پاؤڈر، کریم اور اس طرح کی دیگر دوائیوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔
- ڈھیلے، سوتی کپڑے پہنیں، تاکہ پسینہ آسانی سے خشک ہو جائے۔
پیشاب کی نالی کا انفیکشن (یو ٹی آئی)
چونکہ اس موسم میں بیکٹیریا اور وائرس زیادہ متحرک ہوتے ہیں اس لیے خواتین میں یو ٹی آئی کا مسئلہ زیادہ ہوتا ہے۔ لہذا وہ خواتین جو دفتر یا کام کی جگہوں پر عام بیت الخلاء(پبلک ٹوائلٹ) استعمال کرنے کی پابند ہیں، ان کو یو ٹی آئی اور اندام نہانی کے انفیکشن کا سامنا کرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مناسب پانی نہ پینا بھی حالت کو مزید خراب کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جو خواتین باقاعدگی سے تیراکی کرتی ہیں، ان میں اس حالت میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ سوئمنگ پول والے پانی میں کلورین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو اس حالت کا باعث بنتا ہے۔
ڈاکٹر منوج بتاتے ہیں کہ صرف خواتین ہی نہیں بلکہ مردوں کو بھی اپنے اعضائے مخصوصہ کی حفظان صحت کو برقرار رکھنا چاہیے۔
- جنسی اعضاء کو صاف پانی سے اچھی طرح دھونا چاہیے اور کپڑے پہننے سے پہلے صاف تولیہ یا سوتی کپڑے سے خشک کرنا چاہیے۔
- ایسے زیر جامہ پہننے سے گریز کریں جو بہت تنگ ہوں۔
- چھ سے آٹھ گلاس پانی پینا چاہیے۔
- جنسی اعضاء کو صاف کرنے کے لیے کیمیکل والے صابن کا استعمال نہ کریں۔ اس کے لیے صاف پانی کافی ہے۔ تاہم، آپ اپنے ڈاکٹر کے مشورے پر ہلکے کیمیکل والا صابن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
- یو ٹی آئی یا اندام نہانی/جننٹل انفیکشن کی علامات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔