مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک نے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کی جم کر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر جانے والے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمان پارٹی میں دوبارہ شامل ہونے کے لئے بے چین ہو گئے ہیں۔
بی جے پی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمان ترنمول کانگریس میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کے لئے کبھی وزیر فرہاد حکیم کو فون کرتے ہیں تو کبھی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر جانے والے لوگ بی جے پی سے اوب کر ممتا بنرجی کی سیاسی جماعت میں دوبارہ شامل ہونے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کا انتظار ہے۔ جانے والے لوگ واپس آنے کے لئے قطار میں کھڑے رہیں گے۔ مئی کے پہلے ہفتے میں یہ سب ہونے والا ہے۔
وزیر خوراک جیوتی پریہ ملک نے کہا کہ جو لوگ بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں انہیں بھی سمجھ آ جائے گا کس میں کتنی طاقت ہے۔
مزید پڑھیں:
مرکزی حکومت کو سوامی ویویکانند کا بھی مجسمہ بنانا چاہئے'
انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی 220 سے زائد سیٹیں حاصل کر کے تیسری مرتبہ اقتدار میں آئیں گی۔ بی جے پی اس سچائی کو تسلیم کرنے سے کتراتی ہے۔