مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے عین قبل فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی کی نئی پارٹی انڈین سیکولر فرنٹ کی سیاست میں انٹری کے بعد سے ہی حالات میں تیزی سے تبدیلی آنے لگی ہے۔
مالدہ ضلع کے رتوا میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے انڈین سیکولر فرنٹ کے سربراہ پیرزادہ عباس صدیقی نے کہا کہ ہماری پارٹی کی شروعات اچھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالدہ ضلع کی تمام چھ سیٹوں پر امیدواروں کو اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پوری امید ہے کہ تمام سیٹوں پر ان کی پارٹی کو کامیابی ملے گی۔
فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی کا کہنا ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کے ساتھ پہلے ہی اتحاد ہو چکا ہے۔ دوسری پارٹیوں سے بھی بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اتحادی جماعتیں بھی اپنے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرتی ہیں تو ہم اپنے امیدوار کے نام واپس لے لیں گے۔
مزید پڑھیں:
ممتا بنرجی کی رہائش گاہ پر ہنگامی میٹنگ 29 جنوری کو
انڈین سیکولر فرنٹ کے سربراہ پیرزادہ عباس صدیقی نے کہا کہ آج کے جلسے میں ہزاروں لوگوں کی شرکت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہم اکیلے نہیں ہیں۔ جہاں تک ووٹ کاٹنے کا سوال ہے تو ہم پر الزام عائد کرنے والے اس کا جواب دیں گے۔
عباس صدیقی نے ترنمول کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو ہمیں قصوروار ٹھہرانا بالکل غلط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل اپنے آپ کو سیکولر ثابت کرنے کی کوشش میں بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا۔ عباس صدیقی کے مطابق عوام بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے خلاف ووٹ دیں گے کیونکہ دونوں ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں۔