ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب دہشت کا ماحول ہے۔ اگر کسی کی موت کسی بھی وجہ ہو جاتی ہے تو لوگ کورونا وائرس کے ڈر سے اس کی آخر رسومات تو دور کی بات ہے اس کے قریب بھی نہیں جاتے ہیں۔
شمالی 24 پرگنہ کے بادوڑیا تھانہ علاقے میں گاؤں کے مسلمانوں نے ایک ہندو شخص کی آخری رسومات ادا کر کے انسانیت کی مثال پیش کی۔
ذرائع کے مطابق شمالی 24 پرگنہ کے بادوڑیا تھانہ علاقے میں پیشے سے ڈرائیور پرابیر سرکار کی طبیعت بگڑی اور دو دن بعد گھر میں ہی ان کی موت ہوگئی۔ جب پڑوسیوں کو ان کی موت کی اطلاع ملی تو انہوں نے پرابیر کی آخری رسومات میں شرکت کرنے سے گریز کیا کہ کہیں اس کی موت کورونا سے نا ہوئی ہو۔
آخر کار محلے کے چند مسلم اشخاص پرابیر سرکار کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے آگے آئے اور شمشان گھاٹ پر تمام رسومات ادا کیں۔ اس میں صاحب علی منڈل، حفیظ المنڈل، عارف الاختر، شریف المنڈل، فیروز شیخ، شاہین منڈل اور ممتاز منڈل نے پرابیر سرکار کے آخری رسومات ادا کئے۔