ریاست مغربی بنگال میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مسلسل احتجاج و مظاہرے جاری ہیں جس کے نتیجے میں ریلوے خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں جبکہ کئی ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا۔
متعدد ریلوے اسٹیشن میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کی وجہ سے ہی ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ہے، اتوار سے ہی جنوبی بنگال اور شمالی بنگال کی کئی ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ پداتک ایکسپریس، دارجلنگ میل،کنچن جنگہ ایکسپریس، پہاڑیہ ایکسپریس، شتابدی ایکسپریس اور اتربنگہ ایکسپریس کو منسوخ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گوہاٹی سے مختلف ریاستوں کو جانے والی ٹرینوں کو بھی منسوخ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے بہت سے لوگ علاج کے لیے حیدرآباد، چینئی اور دہلی جاتے ہیں اسی لیے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت ٹکٹوں کی بکنگ بھی کرا چکے ہیں۔
ایسے میں اب ان مسافروں کے پاس حالات معمول پر آنے کا انتظار کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ اسی طرح جو لوگ شمالی بنگال میں اپنی چھٹیاں گزارنے آئے ہیں وہ بھی پریشان ہیں اور اب گھر واپسی کے لیے بے چین ہیں۔
ٹرینوں کے منسوخ ہونے سے دارجلنگ اور سکم میں سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔
گزشتہ کل رات بھر این جے پی اسٹیشن پر سیاحوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے اب ایسے سیاحوں کی مصیبت یہ ہے کہ ان کے پاس زیادہ روپے بھی نہیں ہیں اور ٹرینوں کے منسوخ ہونے سے ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔