مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے نئے سال کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی تلخ یادوں کو فراموش کر کے نئی شروعات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کے لیے گزرا سال بہت ہی بھیانک ثابت ہوا، ملک کے عوام حیران و پریشان رہے، چاروں طرف افراتفری کا عالم رہا، امید کرتے ہیں کہ ہم سب خاص طور پر مغربی بنگال کے عوام کے لیے نیا سال 2021 گذرے سال کے مقابلے کافی بہتر اور مثالی ثابت ہو ۔
گورنر جگدیپ دھنکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ مغربی بنگال کے عوام کے لیے سال 2021 اہم ثابت ہو سکتا ہے، عوام کے سامنے چیلنج آ سکتا ہے لیکن ہم ایمانداری اور بہادری سے مقابلہ کریں گے، مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات پرامن طریقے سے کرانا نئے سال کا واحد مقصد ہے، اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہوں۔
میں مغربی بنگال کے عوام کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہوں، اس کے لیے تمام لوگوں کو ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم میں آنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو بھی ہر چیز میں سیاست کرنے کی پالیسی کو ترک کر کے ترقیاتی کاموں کے لیے منصوبوں کو عمل میں لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
گورنر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ مغربی بنگال میں رہنے والے ملک کے تمام لوگوں سے ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کرنے کی اپیل کرتا ہوں، ریاست میں رہنے والے تمام لوگ مقامی ہیں کوئی بیرونی نہیں ہے، وزیر اعلیٰ کو اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔