مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اپنی پوری طاقت کے ساتھ انتخابی میدان میں اتر چکی ہے جس کے نتیجے میں بی جے پی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔
مغربی بنگال کے مدنی پور ضلع کے نندی گرام میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کئی اہم اعلانات کئے ۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلی ممتا بنرجی نے اگلے اسمبلی انتخابات میں اپنے ہوم ٹاؤن بھوانی پور کے بجاۓ نندی گرام سے انتخاب لڑنے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ نندی گرام سے جذباتی رشتہ ہے۔اسے کبھی بھول نہیں سکتی ہوں اور نہ اسے چھوڑ سکتی ہوں۔نندی گرام کے لوگوں کے لئے بہت کچھ کرنے کا ارادہ ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے نندی گرام میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے میری گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔میری گاڑی میں ایک نہیں بلکہ چھ گولیاں لگی تھیں۔
واضح رہے کہ شھبندو ادھیکاری کے پارٹی چھوڑ کر جانے کے بعد ممتا بنرجی نے پہلی مرتبہ ان (شھبندو ادھیکاری) کے نندی گرام میں عوامی جلسے کو خطاب کیا۔
ممتا بنرجی کے عوامی جلسے میں تقریباً ڈھائی لاکھ لوگوں نے شرکت کی تھی۔اس سے پہلے ممتا بنرجی کے خلاف واپس جاؤ کے نعرے والے پوسٹر نندی گرام میں پائے گیے تھے۔