مغربی بنگال کے درگاپور میں واقع ایک پرائیوٹ اسکول کے بچوں سے ملاقات کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے اسپن بالر مہدی حسین معراج نے کہا کہ 'ہماری ٹیم اچھی ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ایڈن گارڈن میں کھیلا گیا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہمارے لیے پہلا گلابی گیند کا میچ تھا۔ میچ سے قبل ہم کافی جوش وخروش میں تھے۔ ضرورت سے زیادہ جوش و خروش کے سبب ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔'
مہدی حسین نے کہا کہ 'بھارت میں بھارتی ٹیم کے خلاف کھیلنا چیلینج ہے۔ بھارتی ٹیم تمام شعبوں میں بہترین ہے۔ بھارتی ٹیم کرکٹ کی نمبرون ٹیم ہے۔ ٹیسٹ میچ میں ان کے خلاف کھیلنا چیلینج سے کم نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ چھ برسوں سے بنگلہ دیشی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی۔ ٹی۔20 فارمیٹ میں ہماری ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی جس کی وجہ سے ہمیں بھارت پر جیت ملی تھی۔
لیکن ٹسٹ کرکٹ بالکل مختلف فارمیٹ ہے۔ اس فارمیٹ میں بھارتی ٹیم کے سامنے ہم ٹک نہیں پائے جس کی وجہ سے میچ کی دونوں اننگز میں ہماری کارکردگی مایوس کن رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 22 نومبر کوایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دونوں ملکوں کی کرکٹ تاریخ کاپہلا ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلاگیاتھا۔
تاریخی ٹسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور46رنوں سے شکست دے کردومیچوں کی ٹسٹ سیریز پر0۔2 سے قبضہ کیاتھا۔