مغربی بنگال کے جنوبی کولکاتا میں واقع علی پور میں پولیس نے بغیر اجازت موٹر سائیکل ریلی نکالنے کی بی جے پی کی کوششوں کو ناکام کر دیا۔
دراصل علی پور میں ترنمول کانگریس کے سابق رہنما شوبھن چٹرجی اور ان کے ساتھی بیساکھی بنرجی کی قیادت میں موٹرسائیکل ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ لیکن لال بازار (پولیس ہیڈکوارٹر) نے بی جے پی کے رہنماؤں کو موٹر سائیکل ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
پولیس کے انکار کے باوجود بی جے پی کے رہنما ریلی نکالنے کی ضد پر اڑے رہے۔ وہیں موٹرسائیکل ریلی نکالنے کی کوشش کرنے پر پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں جانے کی اجازت نہیں دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں موٹرسائیکل ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ اس سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ 'سیاسی جماعت کو موٹرسائیکل ریلی کے بجائے پیدل روڈ شو کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے باوجود بی جے پی کے حامیوں نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مارپیٹ کرنے کی کوشش کی۔'
وہیں بی جے پی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پولیس نے سیاسی انتقام کے تحت ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی۔
یہ بھی پڑھیں: کئی ریاستوں میں برڈ فلو کی دستک، ایچ 5 این 8 کی تصدیق
واضح رہے کہ اس ریلی میں شوبھن چٹرجی، بیساکھی بنرجی، مکل رائے اور کیلاش وجے ورگھیہ سمیت بی جے پی کے دیگر اعلیٰ رہنما شرکت کرنے والے تھے۔