چند ہفتوں کے بعد مغربی بنگال اور آسام کے ساتھ ساتھ دیگر تین ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں جس کے لیے سیاسی جماعتیں باہمی مشاورتوں میں مصروف ہیں۔ کانگریس بھی نئی دہلی میں ایک اہم اجلاس منعقد کررہی ہے۔ یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوگی۔ پارٹی کے سینیئر قائدین اور کانگریس کے مغربی بنگال اور آسام یونٹوں کے قائدین بھی اس میٹنگ میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں کانگریس بائیں بازو کی جماعتوں اور فُرفرا شریف کے سجادہ نشین عباس صدیقی کے ذریعہ نووارد تشکیل شدہ انڈین سیکولر فرنٹ (آئی ایس ایف) کے ساتھ پہلے سے انتخابی اتحاد میں شامل ہے۔ دریں اثنا، اتحاد میں کانگریس کے لئے 92 نشستوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اتحاد نے جمعہ کے روز ان حلقوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا جہاں سے ہر پارٹی مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پہلے دو مراحل کے لئے مقابلہ کرے گی۔ اتحاد کے شراکت داروں کی طرف سے کچھ نشستوں پر اتفاق رائے ہونا ابھی باقی ہے۔ بائیں محاذ نے بھی اپنے لیے مختص نشستوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ آسام میں کانگریس نے بدرالدین اجمل کی زیر قیادت اے آئی یو ڈی ایف، بائیں بازو کی جماعتوں اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) کے ساتھ مل کر الائنس تشکیل دیا ہے۔ جب کہ سیٹوں کی تقسیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
یہ بھی یاد رکھیں کہ 294 نشستوں کے لئے مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 27 مارچ سے شروع ہوکر آٹھ مراحل میں مکمل ہوں گے، 29 اپریل کو ووٹنگ کا حتمی مرحلہ ہوگا۔
دوسری طرف آسام اسمبلی انتخابات تین مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں 12 اضلاع کی 47 نشستوں پر 27 مارچ کو رائے دہی ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 13 اضلاع کے 39 حلقے یکم اپریل کو ووٹرز ووٹ کریں گے جبکہ 12 اضلاع کے 40 اسمبلی حلقوں میں 6 اپریل کو پولنگ ہوگی۔ جبکہ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی۔
- یہ بھی پڑھیں
- متھن، وزیر اعظم کی بریگیڈ ریلی میں شریک ہوں گے