کلکتہ ہائی کورٹ نے بنکشال کورٹ کی جانب سے جاری بی جے پی کے رہنما مکل رائے کے خلاف جاری گرفتاری کا وارنٹ خارج کردیا ہے۔ لیکن ان کے خلاف دائر مقدمہ کی سماعت جاری رکھنے کا حکم دیا ۔
کلکتہ ہائی کورٹ کے جج راج شیکھرمہتو نے سماعت کے دوران بی جے پی کے رہنما مکل رائے کے خلاف جاری گرفتاری کا وارنٹ خارج کرنے کا حکم دیا ۔
جج نے کہاکہ مکل رائے کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ خارج کیا جا ریا ہے لیکن ان کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت جاری رہے گی۔
عدالت میں سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے بی جے پی کے رہنما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ سرکاری وکیل کاکہنا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ دائر ہے ۔ پولیس کو ان سے پوچھ تاچھ کرنے کا موقع ملنا چا ہیے۔
مکل رائے کے وکیل بکاش رنجن بھٹاچاریہ کاکہنا ہے کہ 2018 کے کیس کی وجہ سے مکل رائے کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ میرے موکل دہلی میں رہتے ہیں ۔ کولکاتا میں کولکاپولیس ان سے پوچھ گچھ نہیں کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے پہلے ہی مکل رائے کی گرفتاری پر دس دنوں تک کے لیے روک لگارکھی ہے ۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد میرے موکل کے خلاف گرفتاری کا کوئی مطلب نہیں بنتا ہے۔
واضح رہے کہ 2018 میں بی جے پی کے رہنما مکل رائے پر تجارتی مرکز بڑا بازار کے ایک تاجر سے جبراًوصولی کرنے کا الزام ہے۔ کولکاتا پولیس کی جانب سے نوٹس جاری کرنے کے بعد بنکشال کورٹ نے ان کی گرفتاری کا پروانہ جاری کیاتھا۔