اتراکھنڈ کے نئے وزیراعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی پہاڑی ٹوپی، بھگوا جیکٹ پہنے راج بھون پہنچے۔ حلف برداری کی تقریب میں ستپال مہاراج اور ہرک سنگھ راوت بھی موجود تھے۔
راج بھون میں شام تقریباً پانچ بجے قومی ترانے کے ساتھ نئے وزیراعلی کے عہدے کی حلف برداری کا پروگرام شروع ہوا۔
گورنر بیبی رانی موریہ نے نومنتخب وزیراعلی پُشکر سنگھ دھامی کو حلف دلایا۔ اس کے بعد دیگر رہنماؤں نے بھی حلف لیا جس میں ستپال مہاراج، سُبودھ انیال، ہرک سنگھ راوت، وشن سنگھ چُفال، بنشی دھر بھگت، اروند پانڈے، یشپال آریہ، گنیش جوشی، ریکھا آریہ، دھن سنگھ راوت، سوامی یتیشورا نند شامل ہیں۔ پُشکر سنگھ دھامی نے پچھلی کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
نئے وزیر اعلیٰ نے پہاڑی ٹوپی پہن کر تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ انہوں نے پرانی کابینہ کے ساتھ ہی حکومت چلانے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے آج ہی پوری کابینہ نے ان کے ساتھ حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں ریاستی انچارج دشینت گوتم، دھن سنگھ راوت، ریاستی صدر مدن کوشک، سابق وزیر اعلی تیرتھ سنگھ راوت، تریویندر سنگھ راوت، راجیہ سبھا رکن نریش بنسل، لوک سبھا رکن اجے ٹمٹا، اجے بھٹ، یشپال آریہ، سُبودھ انیال، سوامی یتیشورانند، ریکھا آریہ، بنشیدھر بھگت، سابق رکن پارلیمان بلراج پاسی، پریم چند اگروال، رشی کیش کی میئر انیتا ممگائی موجود تھے۔ اس دوران تمام رہنماؤں نے پارٹی میں کسی بھی طرح کی ناراضگی کی تردید کی۔
واضح رہے کہ پُشکر سنگھ دھامی کے نام کے اعلان سے پہلے متعدد بڑے چہرے وزیراعلیٰ کی دوڑ میں تھے جن میں تجربہ کار رہنما ستپال مہاراج، تریویندر سنگھ راوت، دھن سنگھ راوت کا نام شامل تھا۔ لیکن پارٹی ہائی کمان نے دھامی پر اعتماد کیا اور وہ ریاست کے 11 ویں وزیراعلیٰ بنے۔
حلف برداری کی تقریب سے قبل سینئر رہنماؤں کی ناراضگی کے درمیان پُشکر سنگھ دھامی نے سابق وزرائے اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت، تیرتھ سنگھ راوت اور بھون چند کھنڈوری سے ملاقات کی۔ ساتھ ہی وہ ستپال مہاراج سے بھی ملے۔
واضح رہے کہ 'گذشتہ روز بی جے پی اسٹیٹ آفس میں مقننہ کے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ کی کُرسی کے لیے دھامی کے نام پر مہر لگ گئی۔ دھامی کے نام پر سابق وزرائے اعلی تیرتھ سنگھ راوت اور تریویندر سنگھ راوت، بی جے پی کے ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمان، جن میں مرکزی وزیرنریندر تومر اور ریاستی انچارج دشینت کمار گوتم شامل تھے کی موجودگی میں مہر ثبت کردی گئی۔